Category: Poetry

Chirp
Print

ذکر شبِ فراق سے وحشت اسے بھی تھی

میری طرح کسی سے محبت اسے بھی تھی


مجھ کو بھی شوق تھا نئے چہروں کی دید کا

رستہ بدل کےچلنے کی عادت اسے بھی تھی


اس رات دیر تک رہا وہ محوِ گفتگو

مصروف میں بھی کم تھا فراغت اسے بھی تھی


وہ مجھ سے بڑھ کے ضبط کا عادی تھا،جی گیا

ورنہ ہر ایک سانس قیامت اسے بھی تھی


سنتا تھا وہ بھی سب سے پرانی کہانیاں

شاید رفاقتوں کی ضرورت اسے بھی تھی


تنہا ہوا سفر میں تو مجھ پہ کھلا یہ بھید

سائےسے پیار دھوپ سے نفرت اسےبھی تھی


محسن میں اس سے کہہ نہ سکا یوں بھی حال ِدل

درپیش ایک تازہ مصیبت اسے بھی تھی.........!!


محسن نقوی

Reply